کیا آپ کو ایک معجزہ کی ضرورت ہے؟

کیا آپ کو ایک معجزہ کی ضرورت ہے؟

خلاصہ

خُدا اپنے لوگوں کے لئے معجزات کرنے کی ایک طویل تاریخ موجود ہے ۔ جب اُنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ بائبل مُقدس ہمیں تکمیل ہونے والی نبوتوں، شفا پانے والے افراد، اور ناقابل یقین واقعات کے بارے میں بہت سی کہانیاں بتاتی ہے جو صرف دُعا کے جواب میں پوری ہو سکتی تھیں۔ یہ کتابچہ متعدد وجوہات پیش کرتا ہے کہ ہم کیوں بائبل مُقدس پر خدا کے غیر تبدیل شدہ کلام کے طور پر یقین کر سکتے ہیں، اور آپ اپنے معجزے کے لئے خدا سے کیسے رجوع کر سکتے ہیں۔

ڈاون لوڈ کریں

خاندان کے افراد کا ایک بہت بڑا قبیلہ بہتر زندگی کی امید کر رہا تھا اور اس نے ایک نئے ملک میں ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم، یہ سفر آسان نہیں تھا۔ انہیں ایک بڑے صحرا کو پیدل عبور کرنا پڑا۔ وہاں سانپ، بچھو اور تیز گرمی تھی۔ اگر قبیلہ کے بیمار یا کمزور لوگ قافلے سے پیچھے رہ جاتے تو ان پر ڈاکو حملہ آور ہو جاتے۔

جلد ہی ان کا کھانا ختم ہو گیا، لیکن ان کا رہنماخدا سے معجزے کے لئے پکارا۔ اگلی صبُح جب لوگ بیدار ہوئےتوانہیں زمین پر بکھرے ہوئے کسی چیز کے چھوٹےچھوٹے ٹکڑے ملے جو روٹی کی طرح لگ رہے تھے۔ اس کا ذائقہ مزیدار تھا، جیسے شہد کےپوئے۔ اور ہر کسی کی بھوک مٹانے کے لیے کافی تھا! صحرا کو عبور کرنے میں کئی دن لگے اور ہر روز آسمان سے روٹی برستی تھی۔ خدا کی حمد ہو، وہ بچ گئے تھے!

یہ کہانی حیران کن لگ سکتی ہے لیکن واقعی ایسا ہوا تھا۔ بائبل میں بتائے گئے بہت سے معجزات میں سے یہ ایک ہے، جسے آپ تورات، زبوراور انجیل کے ناموں سے جان سکتے ہیں۔ بائبل میں سینکڑوں سچی کہانیاں ہیں، جن میں سے اکثر ان معجزات پر مبنی ہیں جو خدا نے لوگوں کی زندگیوں میں انجام دئے۔ یہ ہمارے دور کے لیے ایک اہم کتاب ہے، جب بہت سے لوگوں کو اپنے معجزات کی ضرورت ہے۔

جدید دور کے معجزات

حالیہ برسوں میں، ہم نے خانہ جنگیاں، انقلابات، معاشی تباہی، بے روزگاری، متعدی بیماریاں اور موت دیکھی ہے۔ میں یقین سے نہیں کہہ سکتا ہوں کہ آپ اِس وقت کِس صورتحال سے دوچار ہیں۔ آپ کو اپنے ہی گھر سے بے دخل کیا جا سکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کا کوئی پیارا زندگی اور موت کی کشمکش میں ہو۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو نوکری تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا ہو۔

آپ کی صورت حال کچھ بھی ہو، خُدا آپ کا خیال رکھتا ہے اور آج آپ کے لیے ایک معجزہ کرنے کے لیے بالکل اسی طرح تیار ہے جیسا کہ وہ قدیم زمانے میں تھا۔ جب آپ غمگین ہوتے ہیں، تو آپ بائبل کو پڑھ کر حوصلہ پا سکتے جو معجزات کی ایک کتاب ہے۔

ہمارے وقت کے لیے خدا کا کلام

بعض لوگ بائبل کو پڑھنےمیں تذبذب کا شکار ہیں، کیونکہ انہوں نے سنا ہے کہ یہ کسی طرح تبدیل ہو چکی ہے۔ شاید یہ غلط فہمی ان بہت سے لوگوں کے طرز زندگی کی وجہ سے ہے جو بائبل پرعمل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ بعض اوقات ہم مسیحیوں کو شراب پیتے، جوا کھیلتے، بے حیائی والے کپڑے پہنتے، خنزیر کا گوشت کھاتے اور لوگوں کے ساتھ ناروا سلوک کرتے دیکھتے ہیں۔

لیکن درحقیقت، بائبل میں ان تمام غلطیوں کی مذمت کی گئی ہے۔ جب مسیحی خُداکی نافرمانی میں زندگی گذارتے ہیں، تو اِس سے اُس کے ابدی کلام کی صحت تبدیل نہیں ہوتی ہے۔ یسعیاہ نبی نے لکھا، ”ہاں گھاس مرجھاتی ہے، پھول کملاتا ہے، پر ہمارے خُداکا کلام اب تک قائم ہے“ (یسعیاہ 8:40)۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ انسان خدا کے کلام کو تبدیل کرنے کے لیے کافی طاقت ور ہیں، یا اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ وہ صرف برے رویے سے اس کی غلط بیانی کر رہے ہیں؟

بائبل اس وقت کے بارے میں بتاتی ہے جب داؤد نبی اور اس کے لوگ عہد کے صندوق کو منتقل کر رہے تھے، ایک بڑا سنہری صندوق جس میں دس احکام تھے۔ دس احکام اخلاقی زندگی کے لیے خُدا کی شریعت تھی اور پتھر کی دو بڑی تختیوں پر لکھی گئی تھی اور سنہری صندوق کے اندر رکھی گئی تھی۔ جلوس میں، ایک آدمی نے ہاتھ بڑھا کرمُقدّس صندوق کو چھونے کی جرآت کی اور وہ فوراً مر گیا!

اگر خدا گستاخ ہاتھوں کو اس پاک صندوق کو چھونے کی اجازت نہیں دیتا جس میں اس کا کلام تھا، تو وہ بدکار لوگوں کو قینچی اور اصلاحی قلم کے ساتھ اپنے لکھے ہوئے کلام تک رسائی کی کتنی کم اجازت دے گا؟ خُدا اپنے کلام کی حفاظت کے لیے نہایت عظیم ہے۔

معروضی طور پر، بائبل انسانی تاریخ میں سب سے زیادہ تصدیق شدہ کتاب ہے۔ کچھ عرصہ قبل، فلسطین میں تین بدو چرواہوں—محمد الذیب، جمعہ محمد اور خلیل موسی—نے اتفاقی طور پر بحیرہ مردار کے طومار دریافت کر لیے تھے۔ آثار قدیمہ کی یہ ایک اہم دریافت تھی جس نے ہمیں آج کی بائبل کا موازنہ قدیم الہامی صحیفوں کے مخطوطات سے کرنے کی اجازت دی جو تقریباً 2,000 سال پرانے ہیں۔ مطابقت حیران کن ہے جو ایک بار پھر اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ خدا کے مکاشفات کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ اگر آپ کو کسی معجزے کی ضرورت ہے، تو آپ یقین کر سکتے ہیں کہ بائبل ایک قابل اعتبار جگہ ہے! یہاں آپ کوحضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت یوسف، حضرت یوناہ (یونس)، حضرت دانی ایل، حضرت داؤد اورحضرت سلیمان جیسےانبیاء کے بارے میں حیرت انگیز کہانیاں ملیں گی۔ آپ نے دوسری جگہوں پر ان کے بارے میں خُردہ باتیں سنی ہوں گی، لیکن بائبل مُقدّس پوری کہانی بیان کرتی ہے!

آئیں اپنا معجزہ تلاش کریں

آپ کسی بھی بحران کا سامنا کر رہے ہوں، بائبل میں ایک معجزاتی کہانی ہے جو صرف آپ کے لیے ہے:

  • کیا آپ یا آپ کا کوئی پیارا بیمار ہے؟ جذام میں مبتلا شامی سپہ سالار نعمان کی معجزانہ شفا کے بارے میں پڑھیں۔

  • کیا آپ اپنے خاندان کی کفالت کرنےکے لیے جدوجہد کر رہے ہیں؟ لبنانی بیوہ اور اس کے بیٹے کے بارے میں پڑھیں، جو تیل کے ایک چھوٹے سے مرتبان اور مٹھی بھر آٹے پرجو کبھی ختم نہ ہوا، ایک طویل قحط سے بچ گئے۔

  • کیا آپ کی جان خطرے میں ہے؟ بادشاہ کے محل میں ایتھوپیا کے ایک غلام، ابی ملک کے بارے میں پڑھیں، جس کی جان خدا پر ایمان کی وجہ سے جنگ کے وقت بچ گئی تھی۔

  • کیا آپ کو ایسا لگتا ہے جیسے آپ کو خارج کر دیا گیا ہے؟ ہاجرہ مصری کے بارے میں پڑھیں، جس نے خُداکے معجزات دیکھے جب اسے رد کر دیا گیا تھا۔

  • کیا آپ زندگی کی پریشانیوں کے نیچے ڈوبے جا رہے ہیں؟ اس واقعہ کے بارے میں پڑھیں جب عیسیٰ المسیح نےاپنا ہاتھ بڑھایا اور اپنے شاگردوں کو کشتی کی تباہی سے بچانے کے لیے ایک زبردست طوفان کو تھما دیا اور اطمینان ہو گیا۔

معجزاتی جوابات

جب ہم بائبل پڑھتے ہیں تو ہم مثبت توقع کے ساتھ دعا کرنے کے لیے اعتماد سے بھر جاتے ہیں۔ یسوع مسیح نےکہا، "اور جو کچھ دعا میں ایمان کے ساتھ مانگو گے وہ سب تم کو ملے گا" (متی کی انجیل 22:21)۔ جب ہم دوسروں کی کہانیاں پڑھتے ہیں جنہوں نے خُداوند سے معجزات حاصل کیے، تو ہمارے دل اُمید کے ساتھ متحرک ہوتے ہیں کہ اپنی مناجات کو آسمان کی جانب اٹھائیں۔

کیا آپ کو ایک معجزہ کی ضرورت ہے؟ بائبل میں موجود معجزات سے متاثر ہوں اوراپنے ایک انفرادی معجزے کیلئے خدا سے کہیں۔ وہ یقیناً آج آپ کی دعا سنے گا!

اگر آپ بائبل میں معجزات کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں، تو براہ کرم اس کاغذ کی پشت پر دی گئی معلومات پر ہم سے رابطہ کریں۔

Copyright © 2023 by Sharing Hope Publications. اس کام کو غیر تجارتی مقاصد کےلیے بغیر اجازت پرنٹ اور شیئر کیا جا سکتا ہے۔حوالہ جات مقدس بائبل کے نظرثانی شدہ ترجمہ سے لئے گئے ہیں۔ حق اشاعت پاکستان بائبل سوسائٹی © 1970، 2010 کی اجازت سے استعمال کیا گیا۔ جملہ حقوق محفوظ ہیں۔

ہمارے اطلاع نامہ کے لئے سائن اپ کریں

نئی مطبوعات کے دستیاب ہونے پرآپ پہلے جاننے والے بنیں!

newsletter-cover